اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دورہ سعودی عرب میں کمانڈر رائل سعودی بارڈر گارڈ، وائس ایڈمرل عواد عید البلاوی اور ایسٹرن فلیٹ کمانڈر، ریئر ایڈمرل فہد علی الفُریدان سے ملاقاتیں کیں۔ کمانڈر رائل سعودی بارڈر گارڈ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بالخصوص بحرِ ہند میں امن و استحکام کے سلسلے میں پاک بحریہ کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ وائس ایڈمرل عواد عید ا ل بلاوی نے بحری تجارت کی آزادانہ نقل وحمل اور بحری امن و استحکام کو فروغ دینے کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار و خدمات کو سراہا۔بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل سعودی نیول فورسز کے ایسٹرن فلیٹ کمانڈر،ریئر ایڈمرل فہد علی ال فُریدان سے ملاقات کی۔ پیشہ ورانہ اُمور اور باہمی اشتراک کے مختلف شعبوں پر بات چیت کی گئی۔نیول چیف نے نیول بیس میں واقع کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور مائن وارفیئر سنٹر کا دورہ بھی کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کنگ فہد نیول اکیڈمی کا دورہ کیا اور اکیڈمی کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل زیاد ا ل عتیبی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور،تعلیم و تربیت اور نوجوان آفیسرز کی صلاحیتوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سربراہ پاک بحریہ نے کنگ فہد نیول اکیڈمی کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور کیڈٹس اور مڈ شپ میں سے بات چیت کی۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی سعودی کمانڈروں سے ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Mar 16, 2018