شارجہ (بی بی سی )پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں جمعرات کو شارجہ میں کھیلے جا رہے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی ہے۔کراچی کنگز کی ٹیم 182 رنز کے ہدف میں مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔کراچی کنگز کی جانب سے جو ڈینلی اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 15 رنز بنائیکراچی کنگز کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز جو ڈینلی تھے جو اپنا کھاتا کھولنے میں ناکام رہے اور حسن علی کی گیند پر عمید آصف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔27 رنز کے مجموعی سکور پر پشاور زلمی کے بولر وہاب ریاض نے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلوائی جب انھوں نے کالن انگرم کو صفر پر بولڈ کر دیا۔کراچی کنگز کو 40 رنز کے مجموعی سکور پر تیسرا نقصان اس وقت ہوا جب ائین مورگن صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ائین مورگن ڈاؤسن کی گیند پر سعد نسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 62 رنز کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز کو چوتھا نقصان روی بوپارہ کی وکٹ کی صورت میں ہوا۔ روی بوپارہ سات رنز بنا کر ڈاؤسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی پانچویں وکٹ 92 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب شاہد آفریدی 26 رنز بنا کر ڈاؤسن کی گیند پر محمد اصغر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی نے صرف آٹھ گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے۔اس سے پہلے پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ تھا اور دوسرے اوور میں اس کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب محمد حفیظ بغیر کوئی سکور بنائے عثمان خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔47 رنز کے مجموعی سکور پر پشاور زلمی کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ڈوائن سمتھ 15 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کے آؤٹ ہوئے والے تیسرے بلے باز رکی ویسلز تھے، وہ 11 رنز بنا کر عثمان خان کی گیند پر روی بوپارہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کے آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز کامران اکمل تھے، وہ 75 رنز بنا کر عثمان کا تیسرا شکار بنے۔پشاور زلمی کی اننگز کی خاص بات کامرمان اکمل کی عمدہ بیٹنگ تھی، انھوں نے 51 گیندوں پر چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے عثمان خان شنواری نے تین جبکہ محمد عامر، شاہد آفریدی اور روی بوپارہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پی ایس ایل تھری، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دیدی
Mar 16, 2018