حافظ آباد+ ونیکے تارڑ(نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) نواحی قصبہ رسولپور تارڑ میں 14 ملزمان نے وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑکے کزن اور یونین کونسل رسولپور تارڑ کے چیئرمین چودھری محمد بخش تارڑ کے ڈیرہ ‘گھر میں داخل ہوکر ملازمین کو کمرے میں رسیوں سے جکڑ دیا چودھری محمد بخش تارڑ کو یرغمال بناکر ملزمان انکے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور موبائل فونز لیکر فرار ہوگئے۔ 14 مسلح نقاب پوش یونین کونسل رسولپور تارڑ کے چیئرمین ‘ن لیگ کے ضلعی سینئرنائب صدر چودھری محمد بخش تارڑ کے ڈیرے پر آئے ، اور بتایا کہ وہ خفیہ ایجنسی کے ملازمین ہیں انہیں انکے ڈیرہ پر ناجائز اسلحہ کی مخبری ہوئی ‘ملزمان نے ڈیرے پر موجود ملازمین کو کمرے میں رسیوں سے جکڑ دیا۔ اسی ددوران ملزمان نے چودھری محمد بخش تارڑ اور وائس چیئرمین جہان خاں تارڑ کو بھی یرغمال بنالیا۔ اور تلاشی کے بہانے گھر میں داخل ہوکر وہاں سے لاکھوں روپے مالیت کے زیوارت اور قیمتی موبائل فونز لوٹ لئے ۔ بعدازاں ملزمان چودھری محمد بخش تارڑ کو ایک گاڑی میں بٹھا کر مقامی تاجر شیخ وسیم کے گھر لے گئے جہاں انہوں نے لوٹ مار کی کوشش کی انہوں نے پولیس کو کال کردی جس پر ملزمان فرار ہوگئے۔ وقوعہ کی اطلاع ملنے پر چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد افضل تارڑ ‘ڈی پی او ڈاکٹر غیاث گل موقع پر پہنچ گئے ۔ تاحال ملزمان کا سراغ نہ لگ سکا ہے۔