منی سوٹا(بی بی سی نیوز) یوٹیوب کی ایک ویڈیو بنانے کے دوران اپنے بوائے فرینڈ کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے جرم میں امریکی خاتون کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس جوڑے کی کوشش تھی کہ وہ ایک ایسی ویڈیو بنائیں جو انٹرنیٹ پر وائرل ہو جائے۔20سالہ مونالیزا پریز کو اس کے بوائے فرینڈ 22 سالہ پیدرو روئز نے کہا تھا کہ وہ اسے 30 سینٹی میٹر یعنی ایک فٹ دور سے سینے میں گولی مارے۔ اس کا خیال تھا کہ اس نے جو انتہائی موٹی کتاب پکڑ رکھی تھی وہ اسے بچا لے گی۔ تاہم گولی 1.5 انچ کی کتاب کو چیرتے ہوئے روئز کو جا لگی جس کے بعد وہ ہلاک ہوگیا یہ واقعہ گذشتہ جون میں پیش آیا تھا۔ مونالیزا پریز نے بعد میں سیکنڈ ڈگری میں سلاٹر (غیر دانستہ قتل) کا اعتراف کیا۔ بدھ کے روز مینی سوٹا میں ایک جج جفری ریمک نے پریز کے اعترافِ جرم کے پیشِ نظر ان کی سزا کی شرائط کا تعین کیا۔ دونوں اپنی روزمرہ زندگی کو اپنے یوٹیوب چینل پر فلم بند کر رہے تھے۔ ان کی کوشش تھی کہ وہ انٹرنیٹ پر مشہور ہو جائیں۔