لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مدثر کے بھائیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر کارروائی نمٹادی ۔پولیس نے دونوں افراد کو حراست میں رکھنے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے کیس کی سماعت کی عدالت کے روبرو تسلیم بی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ قصور پولیس نے محمد بشیر اور محمد شبیر کو غیرقانونی حراست میں رکھا ہوا ہے دوران سماعت ایس ایچ نے بتایا کہ دونوں افراد پولیس کی حراست میں نہیں جس پر عدالت نے درخواست نمٹادی عدالتی فیصلے کے بعد لواحقین احاطہ عدالت میں پولیس کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا تھا کہ بچیوں سے زیادتی کے الزام میں پولیس نے پہلے مدثر کو جعلی پولیس مقابلہ میں قتل کیا بعد میں اس کیس کا مجرم عمران نکلا اب مدثر کے بھائیوں کو بھی پولیس نے اٹھا لیا۔