ملتان (نامہ نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے نواز شریف کو گھر بھیج چکے اب شہباز شریف تمہاری باری ہے۔ ملتان میٹرو بس کی مثال ایسے ہے جیسے کسی ہسپتال میں مریض دوائی کے لئے ترس رہا ہو اور اس کے سامنے موٹر سائیکل کھڑی کر دی جائے۔ میٹرو بس ملتان کے شہریوں کے لئے نہیں بلکہ پیسہ کمانے کے لئے بنائی گئی ہے۔ پچاس ارب روپے کی میٹرو بس بنائی گئی جبکہ ملتان کے شہریوں کی ضرورت پینے کا صاف پانی‘ ہسپتال‘ تعلیم‘ یونیورسٹیز اور بہتر سیوریج سسٹم ہے۔ حکمرانوں کی تیس سالہ مسلط کردہ لمبی اندھیری رات 2018ء کے الیکشن میں ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ممبر سازی مہم کے افتتاح کے موقع پر مختلف مقامات پر کیا۔ عمران خان نے مزید کہا ہم اکیسویں صدی کی سیاست کرنے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا ممبر شپ کارڈ قیادت اور کارکنوں کے درمیان مؤثر رابطہ کا ذریعہ بنے گا۔ اس کے ذریعے میں آپ سے رابطے میں رہونگا۔ آپ کے مسائل حل ہونگے۔ آپ سے اپنے امیدوار کے بارے میں تجاویز لی جائیں گی۔ آپ سے پارٹی امور سے متعلق براہ راست مشاورت لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں نے جنوبی پنجاب پر بڑا ظلم کیا ہے۔ یہاں کا سارا پیسہ رائے ونڈ لے گئے ہیں۔ خالی بسوں سے ثابت ہو گیا ملتان کا میٹرو بس منصوبہ کمشن کمانے کے لئے بنایا گیا تھا۔ ثابت ہو گیا شہباز شریف صرف اور صرف ڈرامہ شریف ہے۔ میں ان سے پوچھتا ہوں انہیں اور کتنا پیسہ چاہیے۔ اس ملک کو اور کتنا لوٹنا ہے۔ کب ان کا پیٹ بھرے گا۔ یہ کتنا مزید عوام کا خون چوسیں گے۔ انہوں نے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز کو پیسے بنانے پر لگا رکھا ہے۔ پاور سٹیشن سمیت تمام منصوبوں پر پیسہ کما رہا ہے۔ میں انہیں کہتا ہوں بس کر دو بس بہت ہو گئی ہے۔ ہم 2018ء کے الیکشن میں آئیں گے اور لوٹا ہوا سارا پیسہ واپس لیں گے اور یہ پیسہ عام پر لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کسان اپنا پیسہ پاکستان میں لگاتا ہے‘ لندن میں مئے فیئر فلیٹ نہیں بناتا۔ تاریخ بتاتی ہے جس ملک میں کسان خوشحال ہے ملک خوشحال ہے۔ پنجاب میں لوگوں کو جگانا ہے۔ بتانا ہے آپ کی تقدیر آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان میں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا گیا۔ یہ جو جگہ جگہ روتا پھر رہا ہے مجھے کیوں نکالا اس لئے نکالا کہ آپ کا پیسہ چوری کر رہا تھا۔ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون کا حساب بھی دینا ہو گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا شہباز شریف آپ بہت بڑے دو نمبر ہیں۔ شہباز شریف نے پیسہ بنانے کیلئے میٹرو بنا دی۔ تمہارے بھائی کو تو کیوں نکالا کردیا اب تمہاری باری ہے۔ شہبازشریف تم کو بھی کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ بہاولپور بائی پاس پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجاب میں میگا پراجیکٹ لگا کر کرپشن کی گئی۔ شریف برادران کے ساتھ زرداری بھی جیل جائیں گے۔ نوجوانو! تیار رہو جائو نیا پاکستان زیادہ دور نہیں۔ سلمان شہبازبجلی کے منصوبوں پر پیسے بنا رہے ہیں شہبازشریف عوام پر پیسہ کب خرچ کرو گے؟ ہم اقتدار میں آ کر عوام پر پیسہ خرچ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا ملتان میٹرو پر اربوں روپے لگا دیئے لیکن یہ لمبی اندھیری رات 2019ء کے الیکشن میں ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا شہباز شریف تم سب سے بڑے دو نمبر شخص ہو۔ مزید برآں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آٹھ شہروں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کراچی، لاہور، پشاور اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ عمران خان میانوالی اور ایبٹ آباد سے بھی قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عمران خان کے دو مزید حلقوں پر الیکشنلڑنے کیلئے مشاورت جاری ہے کوئٹہ اور وزیرستان سے بھی الیکشن میں حصہ لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔