اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان نے بھارت کو ماحولیاتی دہشتگرد قرار دینے کا ڈوزئیر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کر دیا، پاکستان نے اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی میں بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینے کا ڈوزئیر پیش کردیا ہے۔ ڈوزئیر میںکہاگیا ہے کہ 26فروری کو بھارتی فضائیہ نے پے لوڈ پاکستانی جنگلات پر گرانے کی شرمناک حرکت کی، حملے کے ذریعے بھارت نے پاکستان کے ماحولیاتی اثاثوں کو نقصان پہنچایا، ڈوزئیر میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے درختوں کو نقصان پہنچا کر ایکو ٹیرارزم کی گئی، اقوام متحدہ بھارتی در اندازی کو نوٹس لے۔ بھارت نے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں لہذا اقوام متحدہ نریندر مودی کو دیا گیا ’’چپمئن آف ارتھ‘‘ کا خطاب فوری واپس لے۔