لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے ارکان پنجاب اسمبلی کے تنخواہوں میں اضافے پر اظہار تشکر کی قرار داد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے ، ارکان اسمبلی کے تنخواہوں میں اضافے پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا شکر یہ ادا کیا گیا اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں کے بل پر فی الفور دستخط کریں، تاکہ اس بل کو مکمل ایکٹ کا درجہ مل سکے ۔ متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے ارکان کی تنخواہیں انتہائی غیر مناسب تھیں۔ پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے اجلاس میں حاضر نہ ہونے پر سیکرٹری خورامک اور ڈی جی فوڈاتھارٹی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں ہر صورت حاضر ہونے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز صوبائی وزیر قانون ، بلدیات و پارلیمانی امور راجہ محمد بشارت کی زیر صدارت میںہوا ،ارکان ملک ندیم کامران ، خوش اختر سبحانی، ملک ارشد اور خاتون زینب شریک ہوئے ۔ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل ران نے آن لائن ویزا نظام کو مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں تہنیتی قرارداد جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس سے ملکی معیشت اور سیاحت کے شعبے پر مثبت اور گہرے اثرات مرتب ہوں گے لوگ پاکستان میں آئیں گے تو پاکستان کا خوبصورت چہرہ دنیا پر عیاں ہو گا۔ غیر ملکیوں کو سہولیات فراہم کرنا نئے پاکستان کی جانب پہلا قدم ہے لہذا پنجاب کا یہ مقدس ایوان وفاقی حکومت کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس ایوان کے مقدس ارکان اس اقدام کو قابل تحسین قرار دیتے ہیں۔