لندن (عارف چودھری) برطانیہ میں کرونا وائرس سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہونا شروع ہو گئے۔ لاک ڈائون کے خدشے کے پیش نظر شہریوں نے اشیائے خورونوش کی بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی شروع کر دی جس سے کئی علاقوں میں سٹور خالی ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ جبکہ شہری ٹرالیاں لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ سب سے زیادہ خوف و ہراس اس وجہ سے پھیلا جب وزیراعظم بورس جانسن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں اور ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں۔ بورس جانسن نے ایک اجلاس میں یہ بھی کہا تھا کہ فوج سپر مارکیٹوں کی نگرانی اور کھانے کے قافلوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہنگامی طور پر تیار رہے۔ کرونا وائرس سے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کی وجہ سے برطانیہ میں ہر طرف خوف کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ملکہ برطانیہ الزبتھ نے بھی شدید پریشانی کے عالم میں بکنگھم پیلس کو چھوڑ دیا ہے۔ 93 سالہ ملکہ الزبتھ اور 98 سالہ شہزادہ فلپ اب ونڈسر کیسل قرنطینہ منتقل ہو گئے ہیں۔ اگر حالات خراب ہوئے تو انہیں اور شہزادہ فلپ کو سینڈرنگھم لے جایا جائے گا۔ ملکہ کو ونڈسر کیسل اس لئے منتقل کیا گیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں کئی لوگوں سے ملاقات کی تھی، جن کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ کرونا کی وجہ سے ملکہ کا کئی علاقوں کا دورہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
برطانیہ میں خوف ، اشیا خورونوش کی ذخیرہ اندوزی ، سٹور خالی
Mar 16, 2020