ملک میں 13 لیبارٹریاں کورونا کی تشخیص کے لیے فعال، 52 کیسز کی تصدیق :ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 13 لیبارٹریز کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے فعال ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کے کیسز کی تعداد 52 ہو گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 52 ہو گئی ہے جبکہ  ہم متاثرہ افراد کے رابطوں پر کام کر رہے ہیں۔


معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں تشخیصی گنجائش بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد پاکستان میں 13 لیبارٹریاں ایسی ہیں جن کے تحت کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل  سندھ ، بلوچستان اور اسلام آباد میں کورونا کے مزید 6کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 34 ہوگئی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے  گزشتہ روز بتایا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے دو نئے کیسزکی تصدیق ہوگئی جس سے صوبے میں مجموعی کیس 10 ہو گئے ہیں جبکہ سندھ میں تعداد 17 ہے۔

اس سے قبل حکومت سندھ کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ سکھر میں تفتان بارڈر سے آنے والے 13 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صوبے میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار ہزار خان بلوچ کو تصدیق کی کہ صوبے میں کرونا سے متاثرہ 10 مریض ہیں۔
 
لاہور اور اسلام آباد میں بھی ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ 
 
پمز ہسپتال کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں کل امریکہ سے آنے والی خاتون میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، آج ان کے شوہر کا ٹیسٹ رزلٹ بھی مثبت آیا۔
 ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جس شادی میں خاتون نے شرکت کی تھی ان افراد کی معلومات بھی حاصل کرکے ان کی سکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن