اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)دارالفتاح پاکستان (رجسٹرڈ) اور پاکستان علماء کونسل سمیت وفاق المساجد، مدارس پاکستان کی قیادت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ایک مشترکہ فتویٰ میں دینی قیادت نے کہا ہے کہ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور مدارس کی بندش کا فیصلہ غیرشرعی نہیں ہے اور نہ ہی اللہ تعالیٰ کے احکام کی خلاف ورزی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا اسد ذکریا، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا رفیق جامی، مولانا عبدالکریم ندیم، مولانا شفیع قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسد اللہ فاروق، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مفتی عمر فاروق، مفتی عمران فاروق، علامہ طاہر الحسن، مولانا اسلم صدیقی، پیر اسد اللہ شاہ جمالی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد حسین درخواستی اور مولانا شکیل الرحمن قاسمی نے متفقہ طور پر کہا ہے کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر اسلام کے مطابق ہیں۔ علماء کرام نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وباء بن چکا ہے جس سے پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اس لئے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ وباء کے پھیلائو کو روکنے اور اپنے تحفظ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔ انہوں نے کہا باحیثیت مسلمان ہمیں اللہ تعالیٰ پر یقین رکھنا چاہیے لیکن ہمیں احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر اللہ کے رسول حضرت محمدؐ نے طاعون کے حوالے سے فرمایا کہ اگر کسی علاقے میں طاعون پھیلے تو اس علاقے سے کسی کو نکلنا نہیں چاہیے اور نہ ہی کوئی شخص وہاں آئے۔ پاکستان علمائے کونسل کی قیادت نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر شرعی تعلیمات کے مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور وزارت صحت کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر اور ہدایات اسلامی شرح کے عین مطابق ہے۔
کروناوائرس عالمی وباء بن چکاتعلیمی اداروں کی بندش غیرشرعی نہیں :علماء کا فتویٰ
Mar 16, 2020