لاہور: چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس نے پاکستان کا بھی رخ کر لیا ہے اور اب تک اس وبا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے۔
کورونا کے خلاف آگاہی مہم میں جہاں * “سلیوٹ سلام “* فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے بڑے نام حکومت پنجاب کی درخواست پر مفت آگاہی پھیلانےمیں پیش پیش ہیں وہیں معروف گلوگار و اداکار علی ظفر نے بھی اپنا نیا گانا جاری کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ گانا ’کو کو کورونا‘ میں علی ظفر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس بیماری سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے۔
ان کے علاوہ اداکار عمران عباس، علی رحمان، یاسر نواز اور حریم فاروق نے اپنے مداحوں میں کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کر دئیے ۔
اداکار عمران عباس نے کہا کہ سلیوٹ سلام مہم کا بنیادی مقصد وقتی طور پر ہاتھ ملانے سے اجتناب کی عادت اپنانا ہے۔ ہاتھ دھوکر ہم نے کرونا کے پیچھے لگنا ہے۔
اداکار یاسر نواز نے کہا کہ عوام زیادہ رش اور بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ان کے علاوہ اداکار علی رحمان کا کہنا تھا کہ جب تک کورونا کا خدشہ ہے دور سے ہی سلیوٹ سلام کریں، اس کے خلاف یہ جنگ ہم سب نے ملکر جیتنی ہے۔
حریم فاروق نے کہا کہ عوام بار بار ہاتھ دھونے کی عادت ڈال لیں، گبھرانے کی بجائے احتیاط سے کام لیں۔