کراچی(اسپورٹس رپورٹر ) بابر اعظم کو اپنی اتھارٹی منوانے کامشورہ ملنے لگا، وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کہتے ہیں کہ کپتان کو لیپ ٹاپ سلیکٹرز پر انحصار نہیں کرنا چاہیے, بورڈ نے انھیں جو اختیار دیا اس کو استعمال کرنا چاہیے, ٹی 20 پرفارمنس پر ٹیسٹ ٹیم میں انتخاب پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچائے گا۔تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا اپنے یوٹیوب چینل پر کہنا تھاکہ میں سمجھتا ہوں کہ کپتان کا کردار بہت بڑا ہوتا ہے، اسے لازمی طور پر ان پلیئرز کی سلیکشن پر اصرار کرنا چاہیے جوکہ اسے درکار ہوں، تمام کامیاب ٹیموں کے کپتان اپنے پلیئرز کا انتخاب خود کرتے اور ایسی ٹیم تیار کرتے ہیں جوکہ میچ ونرز پر مشتمل ہوتی ہے، انگلینڈ، بھارت اور نیوزی لینڈ کی مثال سامنے ہے، ان کے پاس بہترین کپتان ہیں جنھوں نے اپنی مضبوط ٹیمیں بنائی ہوئی ہیں۔یہی ذمہ داری بابر اعظم پر بھی عائد ہوتی ہے، اگر وہ اپنی ٹیم کیلیے نہیں کہیں گے تو خود اپنی توجہ اور پرفارمنس کو نقصان پہنچائیں گے، اسی لیے میں سمجھتا ہوں کہ یہ بابر کی ذمہ داری ہے، وہ اب بچے نہیں رہے، وہ تجربہ کار اور ٹاپ کلاس پلیئر ہیں، پی سی بی نے انھیں مکمل اختیار دیا ہے، انھیں اس اختیار کو استعمال کرنا چاہیے۔
بابراپنی اتھارٹی منوائیں،کامران اکمل کامشورہ
Mar 16, 2021