لاہور(سپورٹس رپورٹر) سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک ذوالفقار کہتے ہیں کہ کرکٹ بورڈ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صرف کھیل ہی نہیں کرکٹ کے سامان کی صنعت کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ملک میں کرکٹ کھیلنے والوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ ہمیں تو زیادہ سے زیادہ کلب کرکٹ کروانی چاہیے کرکٹ بورڈ اس کے برعکس مواقع محدود کرنے پر زور دے رہا ہے۔ کلب رجسٹریشن کی فیس کی کیا ضرورت ہے۔ کرکٹ بورڈ کلب کرکٹ کی سرپرستی کرے، کلبز کو سہولیات فراہم کرے، آرگنائزرز کو کسی فنڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ کلبوں کو چلانے والوں نے ہمیشہ اپنی جیب سے خرچ کیا ہے۔ ملک کے کرکٹ منتظمین دہائیوں سے کلب کرکٹ پر خرچ کر رہے ہیں لیکن یہ کیا طریقہ ہے کہ رجسٹریشن کے نام پر پیسے لیے جا رہے ہیں۔ کرکٹ بورڈ ڈیویلپمنٹ کے نام پر کہاں خرچ کرتا ہے۔ کلب کرکٹ تو سب سے بڑی نرسری ہے اگر بورڈ کلب کرکٹ پر خرچ نہیں کر سکتا، یہاں سے بھی پیسہ کمانا چاہتا ہے تو پھر جو حال دو سال میں ملکی کرکٹ کا ہوا ہے آنے والے دو سال میں اس سے بدتر حال کلب کرکٹ کا بھی ہو جائے گا۔