ریت کا بدترین طوفان‘ چینی دارالحکومت بیجنگ پیلا پڑ گیا 

Mar 16, 2021

بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پیر کے روز بڑے پیمانے پر سموگ محسوس کی گئی جسے محکمہ موسمیات نے اس دہائی کا بدترین ریت کا طوفان قرار دیا ہے۔ ہوا کی  آلودگی کا جائزہ لینے والے اداروں نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے اس میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ تجویز کردہ حد کے برعکس کچھ ضلعوں میں ہوا کی آلودگی  160 گنا زیادہ ہے۔  منگولیا سے آنے والی گرد آلود ہواؤں سے بیجنگ میں آسمان دھندلا ہو گیا اور اس کا نیلا رنگ خاکی میں تبدیل ہو گیا۔ اس دوران سینکڑوں پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ چین کے اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق چین میں کم از کم 12 صوبوں میں ریت کا طوفان آیا ہے۔ اس سے متاثر ہونے والے شہروں میں دارالحکومت بیجنگ بھی شامل ہے۔  اخبار کا کہنا ہے کہ دن کے دوران موسم ایسا ہی رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ رات کے وقت اس میں کچھ بہتری آ سکتی ہے۔ بیجنگ کی رہائشی فلورا زو نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ دنیا کا اختتام لگ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس موسم میں واقعی باہر نہیں نکلنا چاہتی۔  عالمی ادارہ صحت پارٹیکولر میٹر 10 کے اعتبار سے ہوا کے معیار کی پیمائش کرتا ہے۔ اس میں دیکھا جاتا ہے کہ ماحول میں آلودگی کے کتنے ذرے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو چین میں اس کی مقدار تجویز کردہ حد سے 20 گنا زیادہ تھی۔ یعنی ہوا کی آلودگی 8100 مائیکرو گرام پر کیوبک میٹر سے زیادہ تھی۔

مزیدخبریں