کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات میں نامعلوم افراد نے تین بچوں کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا۔ پولیس نے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ۔ تھانہ نیو سریاب کی حدود میں سریاب کسٹم کے قریب غلام رسول پھاٹک کے مقام پر نامعلوم افراد نے محکمہ تعلیم کے جونیئر کلرک عطاء اللہ کے گھر میں گھس کر تیز دھار آلے کے وار کر کے تین کمسن بچوں اقصیٰ، حسنین اور زین کو قتل جبکہ کشمالہ نامی بچی کو شدید زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے وقت عطاء اللہ اور اسکی بیوی گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ گھر میں کام کرنے والی ملازمہ بھی موقع پر موجود نہیں تھی۔