نفرت انگیز بیانیہ: پی ڈی ایم کا مقصد لوٹ کھسوٹ سے توجہ ہٹانا ہے: جلیل شرقپوری 

Mar 16, 2021

شرقپور شریف (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی صاحبزادہ  میاں جلیل احمد شرقپوری نے اپنے  ڈیرے میں پریس  کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے بعد وطن عزیز پاکستان دنیا کے نقشے پر واحد اسلامی ریاست ہے جو قرآن و سنت کے مطابق نظام حکومت چلانے کیلئے قائم کی گئی۔ پاکستان کے پہلے آئین 1956؁ء سے لیکر 1973؁ء کے آئین تک اس بات پر زور دیا گیا۔ پاکستان میں کوئی ایسا قانون رائج نہیں ہو سکتا جو قرآن و سنت سے متصادم ہو مگر افسوس کہ عملی طور پر ان نعروں اور آئینی دفعات پر عمل درآمد نہ ہو سکا جس کی اصل وجہ قائد کے بعد دینی تعلیم سے ناواقف سیاستدانوں کا راج ہے۔ ایاز صادق جیسے شریف النفس آدمی اور جاوید لطیف جیسے محنتی کارکن وطن دشمنی میں اس قدر آگے چلے جائیں کہ وہ محب وطن ہونے کی بجائے ایسے بیانات سے غداری کے مرتکب ہوں۔ لہٰذا مطالبہ کرتا ہوں کہ انہیں فوری طور پر معذرت کرنی چاہئے بلکہ مسلم لیگ (ن) کے بڑے سے ایسے بیانات کی تردید کر کے حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔ لیکن انہوں نے تو سیاست کو لوٹ مار کیلئے استعمال کیا اور آج اپنے ذاتی کرپشن اور بدعنوانی کے کیسوں کی وجہ سے ایسی محاذ آرائی پر اتر آتے ہیں لہٰذا نواز شریف اور آصف زرداری موجودہ سینٹ انتخابات میں سیاسی خرید و فروخت کے موجد قرار دئیے جاتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن سیاسی محرومی کا شکار ہیں۔ اگر وطن عزیز کو صحیح سمت پر لے جانا ہے تو ان تینوں لیڈران سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی بلکہ میں یہ گزارش کروں گاکہ یہ تنیوں سیاست سے الگ ہوکر اللہ اللہ کریں۔ پی ڈی ایم کی قیادت ووٹ کو عزت دو نعرے کی لاج رکھے اور جمہوری منتخب حکومت کیلئے مسائل پیدا کرنے کی بجائے موجودہ حکومت کو مدت پوری کرنے دی جائے۔ پاک فوج کے خلاف ہر طرح کے پراپیگنڈہ کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ عسکری قیادت کے خلاف نفرت انگیز  بیانیے کا اصل مقصد پی ڈی ایم قیادت کا اپنی لوٹ کھسوٹ سے توجہ ہٹانا ہے۔

مزیدخبریں