اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے کہاہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS)کے کیڈر شیڈول میں جو حالیہ تبدیلیاں کی گئیں وہ سروس کیڈر کی تعداد اور دستیاب افسران کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئیں۔پیر کو اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ 1993 میں ، فیڈریشن اور صوبوں کے مابین پوسٹ شیئرنگ فارمولہ طے کیا گیا تھا- اس فارمولے کے تحت، صوبوں میں کیڈر کی آسامیوں کی تعداد متعین کی گئی تھی۔ اس فارمولے کے تحت، صوبوں میں پی اے ایس کی منظور شدہ نشستوں کی تعداد 1739 ہو گئی۔ تاہم ، صوبوں میں پوسٹنگ کے لئے دستیاب افسران کی اصل تعداد کم تھی۔ اس کمی کو دور کرنے کے لئے ، 2019 میں ان آسامیوں کی نشاندہی کے لئے ایک مشق شروع کی گئی جہاں پی اے ایس افسران کو کبھی پوسٹ نہیں کیا گیا تھا لیکن پی اے ایس کے کیڈر کی تعداد کے حساب کتاب کے لئے ایسی پوسٹوں کا استعمال کیا جارہا تھا۔ اس طرح کی پوسٹوں کی نشاندہی اور صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ، یہ فیصلہ کیا گیا کہ 1993 کے فارمولے کے تحت طے شدہ تناسب کو اپلائی کرنے کیلئے ان پوسٹوں کو پی اے ایس کیڈر سے مائنس کیا جائے۔