کراچی (وقائع نگار)گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے، تاجر کے 59 لاکھ لوٹنے والا پڑوسی نکلا،خود ہی پڑوسی کو لوٹا خود ہی گولی ماری اور خود ہی افسوس میں شامل رہا،چاکیواڑہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ وہ لٹنے والے تاجر سجاد کا پڑوسی ہے،ایس ایس پی سٹی سرفراز نوازکے مطابق 4 مارچ کو گلستان کالونی میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزم پیارعلی کئی روز سے تاجر سجاد کی ریکی کر رہا تھاجب ملزم کو پتہ چلا کہ سجاد نے اپنا پلاٹ فروخت کردیاہے تو اس ساتھی کے ساتھ مل کر پڑوسی کو لوٹنے کا پروگرام بنایا، تاجر سجاد جیسے ہی 59 لاکھ لے کر گھرسے نکلا ملزمان نے روک لیا،مزاحمت کرنے پر ملزم نے تاجر کی ٹانگ پر گولی ماردی ،ایس ایس پی سٹی کے مطابق شناخت چھپانے کے لیے ملزم نے اپنا چہرہ ڈھکا ہواتھا اورملزم پیارعلی نے رقم لوٹنے کے بعد اپنے گھر پر ہی چھپا دی اور پڑوسی سجاد کے گھر جا کر عیادت کی اور رقم لٹنے کا افسوس بھی کرتا رہا، پولیس نے تاجر کے برابر گھر سے 57 لاکھ کی رقم برآمد کرکے گرفتار ملزمان کیخلاف مزید تفتیش شروع کردی ہے۔