دبئی کسٹمز کی کارروائی؛جبلِ علی پورٹ پر کیپٹاگون کی 30 لاکھ گولیاں ضبط

دبئی کسٹمز نے جبل علی بندرگاہ پر نشہ آور کیپٹاگون کی قریباً 30 لاکھ گولیاں ضبط کر لی ہیں اور انھیں متحدہ عرب امارات میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق جبلِ علی پورٹ میں بحری کسٹمز مراکز کے معائنہ افسروں نے غیرقانونی شپمنٹ کو پکڑا ہے۔یو اے ای میں ادویہ اسمگل کرنے کی یہ کوشش جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاکر ناکام بنائی گئی ہے۔

بحری کسٹمز مراکز کے ڈائریکٹر یوسف الہاشمی نے کہا ہے کہ ’’ہم نے محفوظ تجارت اور معاشرے کے تحفظ کے لیے منشیات کی بھاری مقدار پکڑی ہے۔‘‘انھوں نے بتایا کہ معائنہ افسروں کو جدید آلات اور ڈیوائسز سے لیس کیا گیا ہے۔ان میں ریڈیو ایکٹو اسکینر اور ’کے 9 یونٹ‘ بھی شامل ہیں۔ان سے منشیات کے اسمگلروں کے گرد شکنجا کسنے اور منشیات کا سرحدوں کے اندر داخلہ روکنے میں مدد ملی ہے۔

یوسف الہاشمی کا کہنا تھا کہ کسٹمز مراکز بھرپور تیاری کے ساتھ کام کررہے ہیں اوران کا تمام عملہ کووِڈ-19 کی وبا کے باوجود اپنی مکمل گنجائش کے مطابق فرائض منصبی انجام دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ کیپٹاگون ایمفیٹامائن دوا کا برانڈ نام ہے۔اس کو ڈیپریشن کے علاوہ ذہنی اور اعصابی دباؤ کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے لیکن 1980ء میں بیشتر ممالک نے اس کے دوا کے طور پر استعمال پر پابندی عاید کردی تھی۔

ای پیپر دی نیشن