عالمی ادارہ صحت ابھی تک اس امر کا قائل ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ایسٹرا زینیکا ویکسین موثر ہے اور اس کی وجہ سے کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں،ڈبلیو ایچ او کے اس موقف کے برعکس اب تک یورپی یونین کے رکن کئی ممالک اپنے ہاں اس ویکسین کا استعمال معطل کر چکے ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ٹیڈروس گیبرائسس نے جنیوا میں کہا کہ جن افراد کو یہ ویکسین لگائی گئی، ان میں سے انتہائی معمولی تعداد میں بلڈ کلوٹنگ کے واقعات کے سامنے آنے کا مطلب یہ نہیں کہ ایسا لازمی طور پر اس ویکسین ہی کی وجہ سے ہوا ہو،اس سلسلے میں یورپی میڈیسن ایجنسی جمعرات کو اپنے ایک خصوصی اجلاس میں تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لے گی۔