راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ائیرچیف مارشل نے الوداعی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور چاق و چوبند دستے نے ائیر چیف کو یادگار شہدا پر اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مجاہد انور خان نے الوداعی ملاقات کی جبکہ آرمی چیف نے ائیرچیف مجاہد انور خان کی خدمات کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران ائیرچیف کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف ائیرچیف مارشل کے تعاون کو بھی سراہا۔
اس سے قبل پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا بحرین میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔
نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سرکاری دورے پر بحرین پہنچے جہاں انہیں روایتی انداز میں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بحرین کے سرکاری دورے پر پہنچے تو کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز نے سربراہ پاک بحریہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
سربراہ پاک بحریہ نے بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر اِن چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز نے خطے میں بحری امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی تعریف کی۔