ٹلہ جوگیاں ٹریک ایڈونچر پسندوں کیلئے انتہائی دلچسپی کا باعث ہوگا: مشیر سیاحت

 مشیر وزیراعلی برائے سیاحت آصف محمود نے کہا ہے کہ ٹلہ جوگیاں واکنگ ٹریک ایڈونچر پسند سیاحوں کے لئے انتہائی دلچسپی کا باعث ہوگا۔ چار کلومیٹر ہائیکنگ ٹریک کے ساتھ 24 کلومیٹر طویل جیپ ٹریک بھی بنے گا۔ وہ پرکشش سیاحتی مرکز ٹلہ جوگیاں میں ہائیکنگ ٹریک کی تعمیر میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری ٹورازم احسان اللہ بھٹہ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی تنویر جبار اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائیکنگ ٹریک قلعہ روہتاس اور ڈانگری دونوں طرف سے قابل رسائی ہوگا۔ مشیر سیاحت نے براستہ بھیٹ ٹلہ جوگیاں ٹریک کے دشوار گزار ہونے پر اظہار عدم اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ڈانگری سے ٹلہ جوگیاں تک ہائیکنگ ٹریک نسبتا طویل لیکن آسان ہے۔ ہائیکنگ ٹریک آگے جا کر جیپ ٹریک سے مل جائے گا۔ مشیر وزیراعلی نے ہدایت کی کہ جو ٹریک بن چکا ہے وہاں معلوماتی سائن بورڈز لگائے جائیں۔ چار کلومیٹر کا ٹریک عبور کرنے میں پورا دن لگ سکتا ہے۔ مویشیوں اور دیگر جانوروں کو ٹریک پر نہیں آنا چاہیئے۔ آصف محمود نے یہ ہدایت بھی کی کہ برسات کے موسم میں بھی ٹریک کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ ٹلہ جوگیاں واکنگ ٹریک دشوار گزار لیکن انتہائی جاذب نظر ہے۔ ہائیکنگ اور جیپ ٹریک کی تعمیر پر 41 ملین روپے اخراجات کا تخمینہ ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹورازم احسان اللہ بھٹہ نے ایم ڈی ٹی ڈی سی پی، ایکسیئن بلڈنگ جہلم اور متعلقہ افسروں کو روٹ کے معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریک پر سستانے کیلئے بھی پوائنٹس ہونے چاہئیں۔ علاقے میں پانی کی کمی کے پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن