ڈیرہ مرادجمالی(نامہ نگار ) بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس تحریک کی احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ممکن بنانے پر داد تحسین پیش کرتی ہے ۔ خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت نے تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ۔ گرینڈ الائنس خواتین کی بڑی تعداد میں جرات مندانہ شرکت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ کوئٹہ شہر میں گرینڈ الائنس کی آئینی، جمہوری اور جائز حقوق کے حصول کے لیئے پرامن ریلی کے ساتھ حکومت کی گفت وشنید و مسائل کے حل کی ذمہ داریاں دا کرنے کی بجائے لاٹھی چارج اور گیس شیلنگ مکمل ظالمانہ فسطائی عمل ہے خاص کر خواتین پر تشدد، لاٹھی چارج اور شیلنگ صوبے کی روایات کو کچلنے کا بے حسی پر مبنی قدم ہے ۔ پرامن ریلی پر تشدد ، معزز خواتین کی بے حرمتی اور روایات کی پامالی کے خلاف گرینڈ الائنس ایک دن کے لیئے یعنی آج 16 مارچ بدھ بلوچستان کے تمام اداروں اور دفاتر میں اس ظلم کے خلاف کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کرتی ہے ۔ گرینڈ الائنس کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس کل 17 مارچ کو شام 5 بجے پرنس روڈ ہائی سکول میں ہوگا جس میں 24 مارچ کو پورے بلوچستان کے ملازمین کو کوئٹہ کی طرف مارچ کرنے اور وزیراعلی ھاؤس کے گھیراؤ کے لیے حکمت عملی طے ہوگی۔