حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) رُکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر علی شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کومہنگائی، بے روزگاری کی آگ میں جھونک دیا ہے۔ اشیاء ضروریہ آج عام آدمی کی پہنچ سے دُور ہو گئی ہیں،جس پر ہر پاکستانی کو تشویش لاحق ہے۔عمران خان نے لیڈران کے حوالے سے جو زبان استعمال کی وہ ایک وزیر اعظم کو کسی بھی صورت زیب نہیں دیتی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا پرانے پاکستان پر کرپشن کا الزام لگا کر1کروڑ نوکریاں، 40لاکھ بے روزگاروں کو روزگار دینے کا وعدہ کرکے الیکشن لڑنے والے عمران خان نے کونسا وعدہ پورا کیا۔ملک میں مہنگائی کی شرح 16فیصد سے بھی تجاوز کر چکی ۔ ضلعی صدر چودھری محمد بخش تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان آلو، ٹماٹربیچنے کے لیے نہیں بلکہ کشمیر بیچنے کے لیے وزیر اعظم بنے تھے۔ سابق ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی نے کہا کہ عمران خان کے جلسہ میں 8سو روپے دیہاڑی دے کر غریب عوام کو جلسہ گاہ میں لایا گیا۔ اس موقع پرضلعی نائب صدر رائے قمر الزمان کھرل، ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمد زمان بھون، تحصیل صدر رائے محمد جاوید، ریاض احمد تارڑ، سرفراز احمد تارڑ، منیارٹی ونگ کے ڈویژنل صدر سہیل انور سہوترا سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
حکومت نے ملک کومہنگائی، بے روزگاری کی آگ میں جھونک دیا: ڈاکٹر مظفر علی
Mar 16, 2022