گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)پنجاب حکومت کی طرف سے گوجرانوالہ کے سرکاری سکولوں اور دفاتر میں نائب قاصد، خاکروب، چوکیدار،بلاوی اور لیباٹری اٹینڈنٹ سمیت دیگر خالی 474 سیٹوں پر بھرتی کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ضلع بھر سے 27 ہزار 776 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔گزشتہ ماہ انٹرویوز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ اب دوبارہ بھرتی کیلئے انٹرویو کا شیڈول جاری کردیا گیا جس کے مطابق گوجرانوالہ سٹی کے امیدوار کے انٹرویو 21 مارچ کو گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جی ٹی روڈ میں ہوں گے، تحصیل صدر کے امیدوار 22 مارچ کو گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول ماڈل ٹائون، تحصیل کامونکی کے امیدوار 24 مارچ کو گورنمنٹ عمیر شہید سکول نمبر 1میں، نوشہرہ ورکاں کے امیدواروں کے انٹرویو 26 مارچ کو گورنمنٹ ہائی سکول ماڑی بھنڈراں اور وزیر آباد سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویو 28 مارچ کو گورنمنٹ ہائی سکول نظام آباد میں صبح 9 سے شام 4 بجے تک ہوں گے۔ امیدواروں کو انٹرویو کے دوران اپنے اصل کوائف کمیٹی کے سامنے پیش کرنے ہوں گے۔ 474 سیٹوں میں سے 270 سیٹوں پر بھرتی اوپن میرٹ ہوگی، خواتین کوٹہ کیلئے 71 سیٹیں، معذور افراد کیلئے 14 سیٹیں اور اقلیتی کوٹہ کیلئے 24 سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ بھرتی سو فیصد میرٹ پر ہوگی۔