اسلام آباد‘ کراچی (نمائندہ خصوصی‘ نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر اگر آئین کی روح کے مطابق ووٹنگ ہوجاتی ہے تو عمران خان کو عبرتناک شکست ہونے والی ہے اور وہ اگلے کچھ دنوں کے بعد اس ملک کا سابق وزیر اعظم کہلائے گا۔بلاول بھٹو کا وژ ن اوران کی سیاست نے عمران خان کو در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز میڈیا سیل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کے خلاف کوئی بین الاقوامی سازش نہیں ہے یہ ایک نیا چورن بیچنے چلیں ہیں۔ عمران خان اتحادیوں کی سپورٹ کے باوجود بھی نہیں رہے گااور اس کا احساس ان کے اتحادیوں کو بھی ہے اور کوئی بھی ڈوبتی کشتی کا سوار نہیں بنے گا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے یا ہماری طرف سے انہیں حکومت میں شامل کرنے یا وزارتیں دینے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ البتہ اگر ہمارے تعلقات بہتر ہوجاتے ہیں تو آگے چل کر ایسا ممکن ہے لیکن فی الوقت جب یہ بات کررہا ہوں اس وقت تک ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ حکومت میں کوئی حصہ نہیں مانگا گیا ہے، میں نے ہمیشہ اس بات کو بھی تسلیم کیا ہے کہ کراچی، حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں ایم کیو ایم کا ووٹ بینک ہے اور وہ وہاں سے کامیاب ہوتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے دو رخ ہیں ایک عسکری ونگ اور ایک سیاسی ونگ، ہم سیاسی ونگ سے ضرور بات کریں گے لیکن ان کے عسکری ونگ سے نہ بات کریں گے اور نہ ہی ان کو تسلیم کریں گے۔۔