سنگل ٹیکس نظام: حکومت 10 ہزار ارب کا ہدف حاصل کر سکتی ہے، لاہور ٹیکس بار

لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جمیل اختر بیگ نے کہا ہے کہ حکومت سنگل ٹیکس نظام کے ذریعے 10 ہزار ارب کا ہدف بآسانی حاصل کر سکتی ہے ۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 25 خدمات پر 16 کے بجائے 5 فیصد ٹیکس لگا کر چارگنازیادہ آمدن کویقینی بنایا ہے،نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن میں ان پٹ اور آئوٹ پٹ کا معاملہ حل طلب ہے۔وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں لاہور ٹیکس بار کے عہدیدران اورممبران سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر لاہور ٹیکس بار کے نائب صدر حسیب اللہ خان ،جنرل سیکرٹری سید عرفان حیدر،رانا ذوالفقار،قدیر آصف کھوکھر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ پلیٹ فارم سے رجوع کرنے کے باوجودایف بی آر آج تک ورکر ویلفیئر فنڈز کی تفصیلات دینے سے گریزاں ہے، ہمیں بتایا جائے اس مد میں جمع ہونے والی اتنی بڑی رقم کس مد میں خرچ ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 10 ہزار ارب سے زائد ٹیکس وصولی کا خلا ء موجود ہے مگر محکمے کا خوف اور نہ سمجھ آنے والے ٹیکس قوانین معیشت کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں،ٹیکس نظام میں انقلاب لانے کیلئے حکومت کو ٹیکس نظام اور قوانین کااز سر نو جائزہ لینا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن