لاہور (کامرس رپورٹر )پاکستان وناسپتی گھی مینوفیکچرزایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے وفد نے پنجاب حکومت کو یقین دلایا ہے کہ مختلف اضلاع کے317 رمضان بازاروں میں مارکیٹ ریٹس کے مقابلہ میں 10روپے فی کلو سستا گھی فراہم کیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز صوبائی سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر واصف خورشیدسے رمضان المبارک میں گھی اور کوکنگ آئل کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ میںایک اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ وفد میں سابق چیئرمین پی وی ایم اے خواجہ عارف قاسم، عابدملک اور دیگر شامل تھے۔ سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر واصف خورشید نے کہا کہ رمضان المبارک میں مارکیٹ اور رمضان بازاروں میں گھی اور کوکنگ آئل کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔رمضان بازاروں میں گھی کھلی مارکیٹ سے 10روپے فی کلو سستا ملے گا۔وفدنے ماہ مقدس میں گھی اور کوکنگ آئل کی مارکیٹوں اور رمضان بازاروں میں دستیابی کی یقین دہانی کروائی۔ڈی جی انڈسٹریز طاہر رضا ہمدانی اوردیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔