اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) کور کمانڈرز نے کہا ہے کہ بھارتی میزائل گرنے کے واقعے سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت248 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں شرکاء نے بھارتی میزائل فائرنگ کے حالیہ واقعہ کا تشویش کے ساتھ جائزہ لیا۔ کور کمانڈرز نے مطالبہ کیا کہ بھارتی غلطی کے اعتراف کے باوجود، عالمی فورمز واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیں، بھارتی سٹرٹیجک اثاثوں کے تحفظ، حفاظتی پروٹوکول کی جانچ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے خطرناک واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک بننے کے ساتھ علاقائی امن اور تذویراتی استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کورکمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال اور مغربی بارڈر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ 23 مارچ کی پریڈ اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کیلئے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔ کانفرنس میں شرکاء نے عزم کیا کہ ملک کی سکیورٹی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کو سراہا اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کی بھی تعریف کی۔
بھارتی میزائل جیسے خطرناک واقعات، علاقائی امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں: کور کمانڈر کانفرنس
Mar 16, 2022