لاہور(نامہ نگار) لاہور پولیس کے افسروں کی قابلیت اور کارکردگی کے معیار کو جانچنے کیلئے سکریننگ ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا ہے ۔پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں سکریننگ ٹیسٹ میں لاہور پولیس کے 3 ڈویژن کے اے ایس آئی سے انسپکٹر رینک کے 1482افسران شریک ہیں۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ سکریننگ ٹیسٹ کا مقصد پولیس افسران کی قابلیت اور کارکردگی کے معیار کو جانچنا اور موازنہ کرنا ہے تاکہ انہیں موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار کیا جا سکے۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے اے ایس آئی سے انسپکٹر رینک کے ماتحت افسران کی قابلیت جانچنے کے تحریری سکریننگ ٹیسٹ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ سی سی پی اوفیاض احمد دیو نے گزشتہ روزڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں امیدواروں کے امتحانی مرکز کادورہ کرکے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عمران کشور، ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس ایس پی لیگل غلام حسین چوہان،ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی،ڈی ایس پی ریحان جمال اور دیگر افسران موقع پر موجود تھے۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن عمران کشور نے سی سی پی او لاہور کو سکریننگ ٹسٹ کے مختلف مراحل بارے بریفنگ دی۔