صدر علوی کادورہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، تدریسی و تحقیق سرگرمیوں پر زور

بہاول پور (نامہ نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں، طلباء و طالبات کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے اور تعمیر و ترقی کو سراہا ہے۔ صدر مملکت نے گزشتہ روز یونیورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میں ہونے والی ایک تقریب میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 57 ہزار طلباء وطالبات کی موجودگی اور اعلیٰ معیار تعلیم پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی کارکردگی کو سراہا۔ اس سے قبل صدر مملکت وائس چانسلر سیکرٹریٹ پہنچے تو انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبو ب نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عون عباس بپی، کمشنر بہاولپور کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال، ریجنل پولیس آفیسر شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈی پی او عبادت نثار کے ہمراہ اُن کا استقبال کیا۔ صدر مملکت نے وائس چانسلر آفس کے سبزازار میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے صدر مملکت کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ یونیورسٹی آڈیٹوریم آمد کے موقع پر صدر عارف علوی کو یونیورسٹی کی جانب سے کپاس کی تحقیق اور نئے بیجوں کی تیاری اور مارکیٹنگ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد علی رضا نے انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی اور چینی جامعات سے اشتراک عمل سے آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے یونیورسٹی کی جانب سے چولستان میں جاری آثار قدیمہ کی دریافت سے متعلق سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ابھی تحقیق کا آغاز ہے ۔ ڈائریکٹر آئی ٹی رضوان مجید نے یونیورسٹی ٹیسٹنگ سروس اور آن لائن داخلوں سے متعلق آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے تحقیقی سرگرمیوں میں اضافے پر زور دیا۔
عارف علوی

ای پیپر دی نیشن