اسلام آباد: آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر شلنبرگ 4روزہ دورے کیلئے آج پاکستان پہنچیں گے جنہیں پاکستان آمد کی دعوت ہم منصب شاہ محمود قریشی نے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر ان کے آسٹرین ہم منصب الیگزینڈر شلنبرگ تجارتی وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ پاکستان اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ میں وفود کی سطح پر ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ آسٹریا کے وزیر خارجہ لاہور کا بھی دورہ کریں گے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریا پاکستان کا قابلِ قدر شراکت دار ہے جس کی متعدد کمپنیاں آج بھی پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں روابط ہیں۔ پاکستان اور آسٹریا کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ دیرینہ اور خوشگوار باہمی تعلقات ہیں۔ آسٹرین وزیر خارجہ کا دورہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
خیال رہے کہ پارلیمانی جمہوریہ آسٹریا کو دنیا کے امیر ترین ممالک میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جہاں بسنے والے شہریوں کی فی کس آمدنی 43 ہزار 723 ڈالر سالانہ ہے۔ پاکستان سمیت متعدد ممالک کے تاجر آسٹریا میں تجارت کے مواقع تلاش کرتے ہیں۔
آسٹریا کے وزیر خارجہ 4روزہ دورے کیلئے آج پاکستان پہنچیں گے
Mar 16, 2022 | 13:50