اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی اسلامو فوبیا عالمی ہم آہنگی اور دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ اسلامو فوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان ایک ایسی لعنت جس سے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جن کے ساتھ امتیازی سلوک رواں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پرامن مذہب اور امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کیا۔