اسلام آباد (محمد صلاح الدین خان) انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری آئندہ کے وزیر اعظم ہوں گے، اس کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ دو حلقوں اٹک اور فتح جنگ سے الیکشن لڑوں گا۔ کامیاب ہونے پر اوورسیز کی وزارت کو ایک چیلنج کی صورت میں لینا پسند کروں گا۔ اس میں کام کرنے کے بہت مواقع ہیں۔ پیپلز پارٹی انتقامی سیاست کے بجائے ملک کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح کا سوچتی ہے۔ عوامی مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے سابقہ حکومت کے عوامی منصوبوں کو سٹاپ کرنے کے بجائے جاری رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر اوورسیز و انسانی وسائل سلیم حیدر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی اربوں روپے کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں، پاکستان سے محبت کرتے ہیں، انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہئے۔
پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب، بلاول وزیر اعظم ہونگے: مشیر وزیراعظم
Mar 16, 2023