اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ملائیشیا، پرتگال، کوسووو، لیتھوانیا اور ایکواڈور کے نامزد سفراء نے اسناد سفارت پیش کردیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت سے پاکستان میں ملائیشیا کے نامزد ہائی کمشنر نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں ، پاکستان ملائیشیا کے ساتھ معیشت، تجارت ، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا اور آسیان کی منڈیوں میں پاکستانی اشیاء تک رسائی ملائیشیا کی ضروریات پورا کرنے ، دوطرفہ تجارت بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے۔ صدر مملکت نے مختلف امور پر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر ملائیشیا کا شکریہ ادا کیا۔صدر سے پاکستان میں پرتگال کے نامزد سفیر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، زراعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان 22 کروڑ سے زائد آبادی کی بڑی منڈی ہے، پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تجارتی وفود کو تعاون کے شعبوں کی تلاش کیلئے سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان کیلئے کوسووو کے نامزد سفیر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کوسووو کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے، کوسووو کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی توسیع پاکستان کی اہم ترجیح ہے، پاکستان ابھرتی ہوئی منڈی ہے ، سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط کا قیام تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر ڈاکٹر علوی سے پاکستان کیلئے لیتھوانیا کے نامزد سفیر نے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور لیتھوانیا کے درمیان تجارت اور تعاون مزید بڑھانے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور لیتھوانیا کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بہتر بنانا چاہتا ہے۔ صدر سے پاکستان کیلئے ایکواڈور کے نامزد سفیر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایکواڈور کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، صدر نے دو طرفہ تعلقات بڑھانے کیلئے ادارہ جاتی فریم ورک تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔