عدل و انصاف سے بھاگنے والا لیڈر سیاست پہ بدنما داغ ہوتا ہے،خورشید شاہ

Mar 16, 2023


اسلام ابا د(خبرنگار) وفاقی وزیرآبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی لیڈر قانون اور عدالت کا سامنا کرتا ہے اور عدل و انصاف سے بھاگنے والا لیڈر سیاست پہ بدنما داغ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدل و انصاف پر بھاشن تو بہت دئے مگر اپنے قول فعل کے تضاد سے سیاست اور عدل انصاف کو داغدار کیا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہم نے اپنی سیاسی زندگی میں گولی، پھانسی اور شہادت کے منتظر لیڈر دیکھے ہیں اور ایک بزدل لیڈر پہلی بار دیکھا ہے جو قانون سے بھاگ رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتیں اپنی ساکھ پر دھیان دیں اور ترازو کے پلڑے برابر کرکے اپنی عزت کو بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اَئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور ہم اَئین سے بالا کسی اقدام کی پیروی نہیں کریں گے مگر عمران خان حالات خراب کر کے اپنے مقدمات اور انتخابات سے فرار چاہتا ہے۔

مزیدخبریں