اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد نے لارج ٹیکس پیئرز آفس لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف کمشنر اور کمشنرز سے تفصیلی ملاقات کی۔اجلاس میں جولائی تا فروری 2023 کی مدت کے دوران ریونیو کی وصولی اور تفویض کردہ اہداف کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف شعبوں میں درپیش چیلنجز کے ساتھ ساتھ موجودہ مالی سال کے بقیہ مہینوں کے بجٹ کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اپنائی جانے والی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیئر مین ایف بی آر نے ایل ٹی او ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ بجٹ کے نئے اقدامات کو مکمل طور پر نافذ کریں۔ اجلاس میں شوگر سیکٹر کے بارے میں خصوصی طور پر بات چیت کی گئی تاکہ آنے والے مہینوں میں اس سیکٹر سے منسلک واجب الادا ٹیکسوں کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین ایف بی آر نے موجودہ مالی سال کے ریونیو اہداف کو حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایل ٹی او لاہور کی ٹیم نے یقین دلایا کہ وہ امپورٹ کمپریشن اور معاشی چیلنجز کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ چیئرمین ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو تمام زیر التوائ بقایا جات کی وصولی اور عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تیزی سے پیروی کرنے کی ہدایت بھی کی۔چیئرمین ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔