کروڑوں کا فراڈ ‘ ملزمہ کے بیرونِ ملک فرار کی کوشش ناکام

Mar 16, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی اور حیدر آباد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کیسز کی ملزمہ کے بیرونِ ملک فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔امیگریشن ذرائع کے مطابق خاتون ترکیہ کے ویزے پر کراچی سے استنبول فرار کی کوشش کر رہی تھی۔لاڑکانہ کی رہائشی خاتون نوشین اشرف کے خلاف کراچی اور حیدر آباد میں مقدمات درج ہیں۔پولیس کی جانب سے تحریری طور پر ایف آئی اے امیگریشن کو خط تحریر کیا گیا تھا۔ملزمہ کے خلاف درج مقدمات کے مطابق خاتون نے متعدد افراد سے لاکھوں روپے کا فراڈ کیا ہے، خاتون کے خلاف کاروباری لین دین پر کئی چیک باونس ہونے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ملزمہ کے پاسپورٹ کی منسوخی کے لیے سندھ پولیس نے وزراتِ داخلہ کو جبکہ ملزمہ کے شناختی کارڈ کو بلاک کرنے کے لیے نادرا کو خط تحریر کیا ہے۔ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے کافی عرصے سے خاتون کی گرفتاری کے لیے مانیٹرنگ جاری تھی۔ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمہ کو گرفتار کرنے کے بعد حیدر آباد پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

مزیدخبریں