کراچی(کامرس رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے سابق صدراورایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ویجیٹیبل آئل اور گھی کے سابق چیئرمین شیخ عمر ریحان نے پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں اور مقتدرشخصیات سے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام اور موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں اورنقصان میں چلنے والے ملکی اداروں کو منافع بخش بنانے کیلئے حکومت کو تجاویز فراہم کریں۔شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں باعزت مقام دیا ہے اور ہم نے اسی ملک میں کاروبار کرکے پیسہ کمایا ہے لحاظہ ہم سب کو تماشہ دیکھنے کے بجائے اپنے ملک کی موجودہ مخدوش معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے آگے آنا ہوگا،پاکستان کے موجودہ حالات کو کوئی بھی باہر سے آکر درست نہیں کرے گا بلکہ بحیثیت خوددار قوم ہمیں خود ہی یہ کام کرنا ہے۔شیخ عمرریحان نے کہا کہ ملک میں ریفارمرز لانے کی اشد ضرورت ہے،معاشی خوشحالی سے ہی ملکی استحکام وابستہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں تاجرنمائندوں کی مشاورت سے مثبت پالیسیاں لائے تاکہ ہم پڑوسی ممالک کے مقابلے میں زیادہ ترقی کرسکیں۔ انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے کہا کہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ یہ کام نجی شعبے کا ہے اس لئے حکومت کاروباری برادری کو ساتھ لے کر چلے۔شیخ عمرریحان نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت جاری سیاسی محاذ آرائی سے بیرونی عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں ،اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو چاہیئے کہ وہ ایک میز پر بیٹھ کر اپنے تنازعات حل کریں جبکہ سیاسی تنازعات میں فوج کو ملوث نہ کیا جائے،یہ وقت سیاستدانوں کو ایک دوسرے کو چور کہنے یا اپنے آپ کو بہتر ثابت کرنے کانہیں بلکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کا ہے اس لئے سیاستدان آپس میں لڑنے کی بجائے مل جل کر ملک کو بچائیں۔