ہمیں سکیورٹی نہ ملی تو انتخابات نہیں ہو سکیں گے: الیکشن کمشنر پنجاب 



 لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) صوبہ پنجاب میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں کیلئے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں اور جنرل نشستوں کے لیے ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی بار بار یقینی دہانی کرائی گئی تھی۔ لیکن کاغذات نامزدگی وصول کروانے کے اس مرحلے پر ہی صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کو سکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے سکیورٹی کے غیر مناسب انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ سکیورٹی عملے کی کم تعداد کے باعث کاغذات نامزدگی وصولی کے دوران ناخوشگوار واقعات پیش آ رہے ہیں۔  پنجاب حکومت کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات نہیں کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں امن و امان کے حالات شدید خراب ہو رہے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اگر دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں سکیورٹی کے اطمینان بخش انتظامات نہ کئے گئے اور ایسے حالات درپیش رہے تو اس صورت میں وہ الیکشن کمیشن کو خط کے ذریعے آگاہ کریں گے کہ ان حالات میں جبکہ پنجاب حکومت اپنے فرائض سر انجام دینے سے پہلو تہی کر رہی ہے ایسی صورت میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔  مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز لاہور کے تینوں حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔  انہوں نے لاہور کے 3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے پی پی 146، 147 اور پی پی 163 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ شیخوپورہ  میں مرکزی مسلم لیگ کے رہنما چودھری طارق محمودگجر  پی پی 140 کیلئے،  پی پی 142 کیلئے حاجی ظفر اللہ منہاس اور  پی پی 137 سے تحریک لبیک کے رہنما میاں عاطف نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے۔  پتوکی پی پی 180سے 23امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔ سرائے مغل پی پی 180میں سب سے زیادہ 23 افراد اور پی پی 182سے سب سے کم صرف پانچ افراد نے  کاغذات نامزدگی  جمع کرا دیئے۔ حلقہ پی پی 182بھائی پھیرو سے رانا محمد اقبال خاں، پی ٹی آئی کے رانا محمد اسلم خاں، آزاد امیدوار رانا تنویر ریاض خاں، رانا حشمت علی خاں، جماعت اسلامی کے امیر ضلع سردار نور احمد ڈوگر اور ملی مسلم لیگ کے چوہدری آصف وڑائچ، پی پی 181میں سابق ایم پی اے سردار محمد آصف نکئی کے مقابلے میں سابق چئیرمین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں، جماعت اسلامی کے چوہدری عبدالناصر سمیت چھ افراد، گوجرانوالہ میں  14 حلقوں میں تین  روز  میں امیدواران کو 745  کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے گوجرانوالہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی پی 63 میں ان کے کاغذات نامزدگی بھی حاصل کر لئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی

ای پیپر دی نیشن