عمران  سمجھتے  ہیں ان پر ملک  کا ئی قانون لاگو نہیں ہوتا : بلاول


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +آئی این پی ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان پر ملک کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے  کہا کہ عمران خان نے بار بار قانون کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں جواب دینا ہو گا، میرے خاندان اور پارٹی نے ڈکٹیٹر شپ کا سامنا کیا۔ بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ عمران خان کو عدالتوں میں بلایا جاتا ہے وہ پیش نہیں ہوتے، انہوں نے خود کو بچانے کے لیے اپنے کارکنوں کو پولیس کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کرنا ہو گی، ہمیں موسمیاتی تبدیلی، غربت، معاشی حالات سے متعلق سوچ بچار کرنا ہے۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز درپیش ہیں، افغانستان اور خطیکی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد اور لاہور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز آپریشن شروع کیا گیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن ملک گیر احتجاج کررہے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے  اسلاموفوبیا کے خلاف دنیا کے  عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کی کاوشوں سے پوری دنیا اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منارہی ہے۔ پوری دنیا میں مسلمانوں کو نفرت اور تعصب کا سامنا ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے۔ بابری مسجد کے انہدام سے کرائسٹ چرچ کے قتل عام تک کے سانحات مسلمانوں کے خلاف تعصب کا واضح ثبوت ہیں۔ بھارت  میں مسلمان اقلیت کو بدترین جبر کا سامنا ہے۔ مسلمان ہونا کشمیریوں کا جرم بنادیا گیا ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں کو عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنانا معمول ہے۔

بلاول 

ای پیپر دی نیشن