تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے ترقی کی ضمانت ہے: ضیاء الدین انصاری

Mar 16, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے ترقی کی ضمانت ہے۔نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت سے ہی ملک و قوم کو ترقی کی  راہ پر گامز ن کیا جاسکتا ہے۔یہی تعلیم قوموں کی ترقی اور زوال کی وجہ بنتی ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف سکول،کالج یونیورسٹی سے کوئی ڈگری لینا نہیں بلکہ اسکے ساتھ اصلاح معاشرہ، تعمیر اور تہذیب سیکھنا بھی شامل ہے تاکہ انسان اپنی دینی، معاشرتی روایات اور اقتدار کا خیال رکھ سکے۔ تعلیمی ادارے سکول، کالجز اور جامعات نوجوان نسل کو تعلیم کیساتھ کردار ساز ی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ طلبہ کی بہترین تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ان کی کردار سازی بھی بنیادی  اور اعلیٰ تعلیم کے اہداف کا ماحصل ہے۔ انسانی ذہن کو اگر بچپن ہی سے تعلیم و تہذیب کی اعلیٰ روایات کی تشکیل کی جانب مائل کر دیا جائے تو معاشرتی و سماجی امن و استحکام کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ والدین اور اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کے نوجوانوں کو امن وآشتی کے اعلیٰ آدرشوں سے روشناس کرواتے ہوئے قومی سطح پر امن و امان کے قیام کی ذمہ داری کا فریضہ سنبھالیں تاکہ گھر، معاشرہ  اور ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جاسکے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا اشفاق سکول کی تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

مزیدخبریں