نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی بجلی پر سر چارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست پر پاور ڈویژن حکام پر برہم ہو گئے۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا ہے آئندہ سال کے لیے سر چارج کی اتنی جلدی کیوں ہے؟ عوام کو کوئی سکون کا سانس لینے دیں۔ نیپرا کے ممبرِ سندھ رفیق شیخ نے کہا کہ عوام کو بوجھ تلے دبا دیا، بجلی کی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں۔ نیپرا حکام نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سر چارج میں اضافے کی نئی درخواست دی ہے، پہلے آئندہ مالی سال کے لیے ایک روپے 43 پیسے فی یونٹ سرچارج اضافے کی درخواست تھی، اب یہ سر چارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے، نئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پہلے منظور شدہ سر چارج سے ضرورت پوری نہیں ہو سکتی۔