بیجنگ (این این آئی) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا ہے کہ پاک چین سدا بہار تعلقات کے فروغ کے حوالے سے چین صدر زرداری کے مثبت بیان کو سراہتا ہے۔ جمعہ کو ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ صدر زرداری کے منتخب ہونے کے بعد صدر شی نے انہیں مبارکباد کا پیغام بھیجا جس میں نشاندہی کی گئی کہ چین اور پاکستان اچھے ہمسائے، اچھے دوست، شراکت دار اور اچھے بھائی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی ایک تاریخی انتخاب اور دونوں ممالک کے عوام کا قیمتی سرمایہ ہے۔ صدر زرداری کا جواب ایک بار پھر اعلی سطح کے پاک -چین تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ چین، دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی، مختلف شعبوں میں عملی تعاون اور سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ ترقی کو فروغ دینے اور نئے دور میں چین -پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔