اسلام آ باد (آئی این پی) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم حسن نواز اور حسین نواز کی پانامہ ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر قومی احتساب بیورو (نیب)کو تیاری اور ریکارڈ جمع کروانے کے لیے 19 مارچ تک کا وقت دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جج ناصر جاوید رانا نے حسن نواز اور حسین نواز کی ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، دونوں ملزمان کے نمائندہ رانا عرفان بھی عدالت میں پیش ہوئے، دوسری جانب نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر افضل قریشی، سہیل عارف اور عثمان مسعود عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت نیب نے ریکارڈ جمع کروانے کے لیے عدالت سے وقت دینے کی استدعا کر دی جس پر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کو 19 مارچ تک کا وقت دے دیا۔ جج ناصر جاوید رانا نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک اور 3 کا چارج میرے پاس ہے جبکہ میں احتساب عدالت نمبر 2 کا بھی ڈیوٹی جج ہوں، مجھے احتساب عدالت نمبر 2 کا بھی چارج مل گیا ہے، آج اس کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کی تینوں ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔