اسلام آباد +لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری برادریوں سے موجودہ دور کی اِس بلا کا خاتمہ کرنے کے لیے شعور پھیلانے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور اس کے خلاف ٹھوس حکمت عملی پر عمل درآمد کی فوری ضرورت ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامو فوبیا ہماری مشترکہ انسانیت اور رواداری، ہمدردی اور تکثیریت کے اصولوں کے جوہر کو کمزور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم اسلاموفوبیا کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور دقیانوسی تصورات اور مغالطوں کو ختم کرنے کے لئے انتھک کام کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام اعتدال اور امن کا مذہب ہونے کے ناطے تنوع کو اپنانے اور تمام افراد کے ساتھ عزت و احترام کا سلوک کرنے کی تعلیم دیتا ہے، چاہے وہ کسی بھی عقیدے یا پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں۔