لاہور(نیوز رپورٹر)آل پاکستان واپڈاہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے سیکرٹری خورشد احمدو دیگر نمائندگان یونین ہذا، ہم قومی میڈیا کے ذریعے وزیراعظم اور وفاقی وز یر برائے توانائی حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے دبائو پر قومی مفادکیخلاف محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کرنے کی بجائے اس کی کارکردگی میںماہر اور تجربہ کار انتظامیہ کے ذریعے اضافہ کرے۔ نجی پاور ہائوسسزسے خریدی جانے والی بجلی کی قیمتوںکوکم کرواکر قومی صنعت، زراعت ، تجارت اور گھریلو صارفین کو سستی بجلی مہیا کرائیں۔ یاد رہے کہ قومی ادارہ واپڈا اپنی ہائیڈل سے بننے والی بجلی ساڑھے 3 روپے فی یونٹ محکمہ بجلی کو مہیا کررہا ہے جبکہ پرائیویٹ تھرمل پاور ہائوسسز 50 روپے فی یونٹ بجلی دے رہے ہیں۔ مزید زیادتی یہ ہے کہ بجلی استعمال نہ ہونے کے باوجود ادارہ بجلی کو 50 سے 60 فیصد رقم نجی کمپنیوں کو ادا کرنا پڑتی ہے۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ان کمپنیوں سے باہمی مذاکرات کرکے فی یونٹ ریٹ کم کروائے اور اپنے قومی تھرمل بجلی گھر فیصل آباد، مظفر گڑھ، جامشورو، لاکھڑا کی جلد مرمت کے بعد ان کی جنریشن یقینی بنائیں تاکہ ازاں بجلی مہیا ہو سکے۔ غیرملکی کوئلہ برآمد کرنے کی بجائے قومی کوئلہ کو جنریشن کیلئے استعمال میں لائیں ۔محکمہ بجلی کی نجکاری کا تجربہ پہلے ہی سے ناکام ہوچکا ہے کیونکہ ملتان اور راولپنڈی کی نجی بجلی کمپنیوں کو شہروں میں بجلی مہیا نہ کرنے کے سبب واپڈا کے حوالے کرنا پڑا تھا۔
حکومت دبائو پرمحکمہ بجلی کی نجکاری کی بجائے کارکردگی میں اضافہ کرے:ورکرزکنفیڈریشن
Mar 16, 2024