حماس نے غزہ جنگ بندی کیلئے ثالث کو تجاویز پیش کر دیں

Mar 16, 2024

غزہ+واشنگٹن(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ )  حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ثالث کو تجاویر پیش کر دیا، عرب میڈیا کیمطابق پہلے مرحلے میں فلسطینی قیدیوں کے بدلے اسرائیلی یرغمالی خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو رہا کیا جائیگا، حماس نے سات سو سے ایک ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، تجاویز میں عمر قید کے 100 فلسطینی قیدیوں کی رہائی بھی شامل ہے ، قیدیوں ،یرغمالیوں کی رہائی کے بعد مستقل جنگ بندی کی تاریخ طے کی جائیگی، پہلے مرحلے کے بعد اسرائیلی افواج کے انکلاء کی ڈیڈ لائن پر بھی اتفاق کیا جائیگا، حماس منصوبے کے دوسرے مرحلے میں دونوں طرف سے تمام قیدیوں کو رہا کیاجائیگا۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ امدادی سامان کے تقسیم کے مرکز پر عوامی ہجوم پر اسرائیلی فوج کی گولی باری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی جب کہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔وائٹ ہائوس نے غزہ میں اقوامِ متحدہ کی غذائی تقسیم کی ایک سہولت پر اسرائیلی فضائی حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔اسرائیل نے کہا کہ اس حملے میں حماس کا ایک کمانڈر مارا گیا جسے اس نے نشانہ بنایا اور فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ اس حملے میں اقوامِ متحدہ کے ایک کارکن سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔وائٹ ہائوس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نیمیڈیا کو بتایا امریکہ کو اس حملے پر بہت تشویش ہے اور اس نے اسرائیلیوں سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا  ہے۔ جان کربی نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ شہریوں کے انخلا کے واضح منصوبے کے بغیر رفح میں فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کرے گی، اسرائیل کو رفح میں حماس کے ارکان کا تعاقب کرنے کا حق حاصل ہے۔ اسرائیلی وزیر اور جنگی کونسل کے رکن بینی گانٹز نے اعلان کیا ہے کہ کونسل رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے کے لیے متحد ہے۔ جلد ہی ہم غزہ کی پٹی میں ہر جگہ پہنچ جائیں گے۔  اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فوجی اڈے کے دورے پربیان میں فوج کو رفح میں داخل ہونے سے روکنے کے بین الاقوامی دبا ئوکو مسترد کر دیا۔۔ نیتن یاھو نے کہا سرائیلی فوج رفح میں لڑائی کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ ہمیں علاقے میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی دبا ئوکا سامنا ہے۔ نیتن یاہو نے مزید کہاکہ ہم رفح میں داخل ہوں گے اور مکمل فتح حاصل کرنے کے لیے حماس کو ختم کرنے کے اپنے مشن کو مکمل کریں گے۔ بین الاقوامی تنظیموں، مغربی اور عرب ممالک نے خبردار کیا ہے کہ رفح پر کوئی بھی حملہ بڑی تباہی کا باعث بنے گا۔ 

مزیدخبریں