لاہور+ گوجرانوالہ (این این آئی+ نمائندہ خصوصی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے، گزشتہ 24گھنٹوں میں 389 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے192 ملزموں کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 17 کمرشل، 2زرعی اور370 ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے ان کو2 لاکھ63 ہزار 548یونٹس ڈی ٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 84لاکھ 94 ہزار 572روپے بنتی ہے۔ کھڈیاں کے علاقے میں کنکشن کو 2لاکھ 27ہزار 750، بکرکے کے علاقے میں کنکشن کو 2لاکھ 23 ہزار 350، باغبانپورہ کے علاقے میں ملزم کو 1لاکھ 25ہزار جبکہ قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں ایک ملزم کو1 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی۔ ترجمان کے مطابق لیسکو کی جانب سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران گرفتار افراد کی تعداد 20ہزار 46ہوگئی۔ گیپکو ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، حالیہ آپریشن کے دوران 5ہزار 8سو سے زائد بجلی چوروں کو 38کروڑ 66لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے جبکہ اسی دوران ایک لاکھ سے زائد عادی اور پرانے نادہندگان سے ایک ارب 80کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی وصولی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب کی زیر نگرانی گیپکوریجن بھر میں سرویلنس ٹیموں کی کاروائیوں اور کامیاب چھاپوں کے سلسلہ جاری ہے ۔ 7ستمبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران اب تک ریجن بھر کے ساتوں اضلاع گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، وزیر آباد، حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین سے مجموعی طور پر 5828 بجلی چوروں کو مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
لیسکو 389، گیپکو ریجن سے مجموعی طور پر 5800 بجلی چور گرفتار
Mar 16, 2024